انگلش ۔ اردو ڈکشنری

یہ باوقار انگریزی ۔ اردو لغت پروفیسر کلیم الدین احمد کی مرکزی ادارت میں تدوین کیا گیا ۔ اس لغت کی چھ جلدیں ہیں۔ اس میں دو لاکھ پچاس ہزار سے زائد انگریزی الفاظ ، ضرب الامثال، اور محاورے معنی کے ساتھ دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں چوراسی علوم کی اصطلاحات اس لغت میں شامل کی گئی ہیں۔

جامع اردو انسائیکلو پیڈیا

جامع اردو انسائیکلو پیڈیا اپنے آپ میں مکمل ہے اور اردو دنیا میں رائج بین الاقوامی معیار پر پورا اترا ہے۔ اس انسائیکلو پیڈیا کی سات جلدیں شائع ہوچکی ہیں اور اس کی ایک جلد علم طبیعیات ،کیمیا اور انجینئرنگ پر مشتمل ہے،جو تکمیل کے مرحلے میں ہے۔

اس انسائیکلوپیڈیا کی 8 جلدوں میں 33 مختلف مضامین کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کا خیال رکھا گیا ہے کہ ہر عنوان پر سیر حاصل معلومات فراہم کی جائیں۔ اس کا انداز معروضی ہے اور زبان آسان تاکہ آسانی سے سمجھ میں آسکے۔
جلد اول : (ادب): اس میں اردو، غیر ملکی اور دوسری ہندوستانی زبانوں کے ادب کا احاطہ کیا گیا ہے۔ جلد دوم (تاریخ) : اس میں آثارِ قدیمہ،قدیم اسلامی تاریخ ، عالمی تاریخ اور ہندوستان کی تاریخ شامل ہیں۔ جلد سوم: (سماجی علوم )اس میں عوامی انتظامیہ، تعلیم، سماجیات ، سیاسیات ، قانون ،لائبریری سائنس اور کامرس شامل ہیں۔ جلد چہارم: (سماجی علوم)، اس میں چار مضامین شامل ہیں۔ ارضیات، جنگلاتیات جغرافیہ، اور دنیا کے ممالک جلد پنجم : طبیعیات، کیمیا اور انجینئرنگ جلد ششم : علمِ حیوانیات، نباتیات اور زراعت۔ جلد ہفتم ۔ ریاضی، طبّ، علمِ نجوم، جانوروں کی بیماریاں جلد ہشتم ۔فن، فنونِ لطیفہ ،فلسفہ اور مذہب

شعر شورانگیز از شمس الرحمن فاروقی

چار جلدوں پر مشتمل،‘‘شعر شورانگیز’’، ممتاز اردو اسکالر شمس الرحمن فاروقی کی کاوش ہے۔ اس کتاب میں خدائے سخن میر تقی میرؔ کی شاعری کو آسان اور عام فہم زبان میں پیش کیاگیا ہے۔ اس کتاب میں نہ صرف میر کی شعری تخلیقیت پربحث کی گئی ہے بلکہ ان کے منتخب اشعار کی تشریح دلچسپ انداز میں پیش کی گئی ہے جو میر کے پرستاروں اور ریسرچ اسکالروں کے لیے چشم کشا ہیں۔

جہاں سے دیکھیے اک شعر شورانگیز نکلے ہے
قیامت کا سا ہنگا مہ ہے ہر جا میرے دیوان میں